پیر 2 نومبر 2026 - 18:47
مہتمم سعید الرحمٰن اعظمی ندوی کی وفات پر مولانا سید صادق حسینی کی ندوۃ العلماء لکھنؤ آمد، ذمہ داران اور اہل خانہ سے تعزیت

حوزہ/ مؤسسہ تقریبِ مذاہبِ ہند کے چیئرمین حجۃ الاسلام والمسلمین سید صادق حسینی نے دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے مہتمم اور ممتاز اہل سنت عالم دین جناب سعید الرحمٰن اعظمی ندوی کی وفات پر ندوۃ العلماء لکھنؤ کے ذمہ داران اور مرحوم کے اہل خانہ سے ملاقات کرکے تعزیت و تسلیت پیش کی اور ان کی طویل علمی، دینی اور تعلیمی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مؤسسہ تقریبِ مذاہبِ ہند کے چیئرمین حجۃ الاسلام والمسلمین سید صادق حسینی نے دارالعلوم ندوۃ العلماء کے مہتمم اور ممتاز اہلسنت عالم دین جناب سعید الرحمٰن اعظمی ندوی کی وفات پر ندوۃ العلماء کے ذمہ داران سے ملاقات کرکے تعزیت و تسلیت پیش کی۔

مولانا سعید الرحمٰن اعظمی کی وفات علمی و دینی حلقوں کے لیے بڑا خسارہ ہے: مولانا سید صادق حسینی

اس موقع پر انہوں نے مرحوم کے فرزند سے بھی ملاقات کی اور ان کے والد کے انتقال پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ اور متعلقین سے تعزیت کی۔

حجۃ الاسلام والمسلمین سید صادق حسینی نے مہتمم سعید الرحمن اعظمی کی طویل دینی، علمی اور تعلیمی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے اپنی زندگی کا ایک طویل عرصہ علومِ اسلامی کی ترویج، دینی تعلیم کے فروغ اور علمی و ادبی سرمائے کی حفاظت کے لیے وقف کر رکھا تھا۔ ندوۃ العلماء سے تین دہائیوں سے زائد عرصے تک ان کی وابستگی اور ادارے کی تعلیمی و انتظامی ذمہ داریوں کی انجام دہی اس بات کا ثبوت ہے کہ انہوں نے اپنی صلاحیتوں اور تجربات کو دینی و علمی خدمات کے لیے وقف کیا تھا۔

مولانا سعید الرحمٰن اعظمی کی وفات علمی و دینی حلقوں کے لیے بڑا خسارہ ہے: مولانا سید صادق حسینی

انہوں نے مجلہ «البعث الاسلامی» کے مدیر کی حیثیت سے مہتمم سعید الرحمن اعظمی کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس علمی و بین الاقوامی مجلے کے ذریعے مرحوم نے اسلامی فکر، عربی زبان و ادب اور دینی علوم کی اشاعت میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی علمی دلچسپیوں اور خدمات کا دائرہ حدیث، فقہ، اسلامی علوم اور عربی ادبیات جیسے اہم شعبوں تک وسیع تھا۔

مولانا سید صادق حسینی نے مزید کہا کہ مہتمم سعید الرحمٰن اعظمی جیسی علمی شخصیات کا وجود امت مسلمہ کے لیے ایک قیمتی سرمایہ ہوتا ہے۔ ان کی زندگی کا مطالعہ اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ علمی خدمات، دینی تعلیم کا فروغ اور مختلف علمی و فکری حلقوں کے درمیان روابط کا قیام، امت کے اتحاد اور باہمی افہام و تفہیم کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

مولانا سعید الرحمٰن اعظمی کی وفات علمی و دینی حلقوں کے لیے بڑا خسارہ ہے: مولانا سید صادق حسینی

ملاقات کے اختتام پر مرحوم کی علمی و دینی خدمات کو یاد کرتے ہوئے ان کی بلندیِ درجات اور مغفرت کے لیے دعا کی گئی، جبکہ پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔

مولانا سعید الرحمٰن اعظمی کی وفات علمی و دینی حلقوں کے لیے بڑا خسارہ ہے: مولانا سید صادق حسینی

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha